بنگلورو، 14؍ دسمبر (ایس او نیوز) ریاستی بی جے پی نے ہر حال میں انسد گائے ذبیحہ بل لیجسلیٹیو کونسل میں منظور کرانے کی تیاریاں کر لی ہیں۔ اسی مقصد کیلئے 15 دسمبر کی صبح 11 بجے کونسل کا ایک روزہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
اس دن انسداد گائے ذبیحہ بل پر ووٹنگ کے علاوہ کونسل چیئر میں پرتاب چند ر شٹی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کرنے کا ارادہ ہے۔ لیکن بی جے پی کو اکیلے ہی یہ کام کرنا ممکن نہیں ۔ کیونکہ کونسل میں بی جے پی کے صرف 31 اراکین ہیں۔ کانگریس کے 29 ، جے ڈی ایس کے 14 اور ایک آزاد رکن ہے۔ اگر جے ڈی ایس حمایت دی ہے تو چیئر میں پرتاب چند شٹی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوسکتی ہے۔
جے ڈی ایس لیڈر سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ وہ پرتاب چندر شٹی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کرینگے ۔ لیکن انسداد گائے ذبیحہ بل کی حمایت نہیں کرینگے ۔ جے ڈی ایس کا موقف ہمیشہ دورخی رہنا ہے۔ انہوں نے اراضی اصلاحات ترمیمی بل اور اے پی ایم سی بل منظور کرنے میں بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ حالانکہ وہ کسان دوست ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔ کانگریس نے ان بلوں کے خلاف سخت مخالفت کی تھی اور ایوان سے ووک آؤٹ کردیا تھا۔